ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کورونا کے معاملات؛ آج پھر27 مشکوک لوگوں کے سیمپل جانچ کے لئے کئے گئے بنگلور روانہ

بھٹکل میں کورونا کے معاملات؛ آج پھر27 مشکوک لوگوں کے سیمپل جانچ کے لئے کئے گئے بنگلور روانہ

Sat, 11 Apr 2020 19:25:53    S.O. News Service

بھٹکل 11/اپریل (ایس او نیوز) کورونا وائرس کے اثرات کو بھٹکل میں مزید پھیلنے سے  روکنے اور اس پر مکمل طور پرقابو پانے کے لئے انتظامیہ ہرممکن کوششوں میں لگی ہوئی ہے، اسی کے چلتے آج بھٹکل سے مزید 27 مشکوک لوگوں کے تھوک کے نمونے جانچ کے لئے روانہ کئے گئے ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج جن لوگوں کے نمونے جانچ کے لئے روانہ کئے گئے ہیں اُن میں کورونا پوزیٹیو مریض کو  ریلوے اسٹیشن سے  اُس کے گھر لے جانےوالے رکشہ ڈرائیور کے گھر والے، مینگلور ائرپورٹ سے بھٹکل لانے والے  ٹیکسی ڈرائیور کے   رابطے میں رہنے والے لوگ وغیرہ شامل ہیں۔ اس دوران خبر ملی ہے کہ بعض لوگوں  کو جب تعلقہ اسپتال کے عملے نے  فون  کرتے ہوئے اُنہیں سرکاری اسپتال آنے اور اپنے نمونے جانچ کے لئے دینے کی درخواست کی تو انہوں نے اسپتال سے نہ صرف آنے سے انکار کردیا بلکہ اُلٹی سیدھی باتیں کرنے لگے جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے پولس کی مددلے کر اسپتال کے عملے کو اُن کے گھر روانہ کیا اور پولس کی مدد سے انہیں اسپتال لاکر اُن کے تھوک کے نمونے حاصل کئے گئے۔ پتہ چلا ہے کہ تمام تھوک کے نمونے  جانچ کے لئے بنگلور روانہ کئے گئے ہیں اور توقع ہے کہ دو دن بعد رپورٹ موصول ہوگی۔

تعلقہ اسپتال میں کورونا مریضوں کے معاملات   دیکھنے والے ایک آفسر نے بتایا کہ ہم اپنی جانب سے کورونا پر قابو پانے ہرممکن کوشش  کررہے ہیں،ہمیں اُمید ہے کہ جن لوگوں کے نمونے روانہ کئے گئے ہیں اُن میں کسی کی بھی رپورٹس پوزیٹیو نہیں آئے گی، لیکن ہمیں اس بات کا ڈر ہے کہ  اگر بیرون ملک سے آنے والوں میں سے کسی نے اپنی جانچ نہیں کرائی ہو اور اپنے آپ کو چھپاکر رکھا ہوتو بعد میں چل کر بہت بڑا مسئلہ کھڑا ہوسکتا ہے ۔

آئی پی ایس پولس آفسر کا تعلقہ اسپتال دورہ:   بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے انچارج پولس آفسر ساحل باگل(آئی پی ایس) نے  آج سنیچر کو تعلقہ اسپتال پہنچ کر کورونا مریضوں کی جانکاری حاصل کی اور بھٹکل کی   تازہ صورتحال کے تعلق سے بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی مسٹر گوتم سے معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر بھٹکل ٹاون پی ایس آئی  کوڈگُنٹی و دیگر پولس اہلکار بھی موجود تھے۔

بھٹکل کو لے کر کیوں شکوک و شبہات پائے جارہے ہیں ؟: میڈیکل ٹیموں کو ابھی بھی شک ہے کہ بعض گھروں میں  اُنہیں صحیح جانکاری نہیں دی گئی ہے۔آفسران نے بتایا کہ  حال ہی میں حاملہ ہونے کی بنا پر جو  خاتون اپنی جانچ کرانے اسپتال پہنچی تھی اور اُسی   کی رپورٹ  کورونا پوزیٹیو  آئی، اُس معاملے کے سامنے آنے کے بعد  ہم لوگ سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔

آفسران  کا کہنا ہے کہ  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لحاظ سے اگلے چند ہفتے انتہائی اہم ہوں گے، بھٹکل میں تعینات   فیلڈ میں رہ کر کام کرنے والے آفسران نے بتایا کہ  ہمیں تمام چیزوں کو ریکارڈ وقت میں درست کر لینے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دینی ہوگی۔ خدا نہ کرے کہ یہ وائرس تیسرے اسٹیج یا کمیونٹی ٹرانسمیشن کی صورت اختیار کرے تو پھر  اسے مکمل وبا کی صورت اختیار کرنے سے روکنا ہمارے لئے بہت مشکل ہوگا اور اگر ایسی کوئی بحرانی کیفیت پیدا ہوتی ہے تو پھر ہم اس کا مقابلہ کرنے کی حالت میں نہیں رہیں گے۔

ایسے میں خبر ملی ہے کہ تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے  پھر ایک بار میڈیکل ٹیموں کو  گھر گھر روانہ کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس بار  غلط معلومات دینے والوں کے خلاف کیس فائل کئے جاسکتے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ اب کی بار میڈیکل ٹیموں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے وغیرہ جیسی باتوں پر ٖغور کیا جارہا ہے ، لیکن حتمی طور پر فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

8/لوگ کورنٹائن میں:  فی الحال سرکاری اسپتال میں تین لوگوں کو آئسولیشن وارڈ  میں رکھا گیا ہے ویسے تو ان کی پہلی رپورٹس نیگیٹو آچکی ہے مگر   ڈاکٹرس ان کی نگرانی کررہے ہیں، اسی طرح انجمن کورنٹائن سینٹر میں پانچ لوگوں کو 14 دن کے کورنٹائن میں    رکھا گیا ہے۔


Share: